نئی دہلی،26؍ستمبر (ایس او نیوز؍ایجنیسی) دہلی کی ایک عدالت نے پیر کے روز عام آدمی پارٹی کے ایم ایل اے امانت اللہ خان کو دہلی وقف بورڈ کے کام میں مبینہ مالی خرد برد اور دیگر بے ضابطگیوں سے متعلق ایک معاملے میں 14 دن کی عدالتی تحویل میں بھیج دیا ہے۔
بتا دیں کہ امانت اللہ خان کو 16 ستمبر 2022 کو گرفتار کیا گیا تھا۔انسداد بدعنوانی برانچ (اے سی بی) کی طرف سےان کی 5 روزہ حراستی پوچھ گچھ کے اختتام پر انہیں راؤس ایونیو عدالت میں پیش کیا گیا، جسے عدالت نے 21 ستمبر کو اجازت دی تھی۔
انسداد بدعنوانی برانچ کے اعلیٰ ذرائع کے مطابق، اس معاملے میں پہلی ایف آئی آر جنوری 2020 میں بدعنوانی کی روک تھام کے قانون کی دفعہ 7 کے تحت درج کی گئی تھی جس میں تعزیرات ہند کی دفعہ 120 بی کے درج کی گئی تھی۔
بعد میں اس کیس میں انسداد بدعنوانی ایکٹ کی دفعہ 13 کے ساتھ ساتھ آئی پی سی کی دفعہ 409 بھی شامل کی گئی۔ دو سال پرانے کیس کے بعد، اینٹی کرپشن برانچ نے ایم ایل اے کو 16 ستمبر2022 کو طلب کیا تھا، جب کہ ایم ایل اے سے منسلک چار مقامات پر متوازی چھاپے مارے اور کئی جگہوں پر قابل اعتراض مواد ملا۔
حکام کے مطابق امانت اللہ خان نے مبینہ طور پر دہلی وقف بورڈ کے فنڈز کا بھی غلط استعمال کیا ہے، جس میں دہلی حکومت کی جانب سے دی جانے والی امداد بھی شامل ہے۔ چار مقامات پر اے سی بی کے چھاپوں کے دوران 24 لاکھ روپے نقد برآمد کیے گئے اور دو غیر قانونی اور غیر لائسنس یافتہ ہتھیار، کارتوس اور گولہ بارود بھی ضبط کیا گیا۔